وزیراعظم لاپتا، حکومت گمشدگی کا اشتہار شائع کرے، مریم اورنگزیب
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حکومت سے وزیراعظم کی گمشدگی کا اشتہار شائع کرنے کا مطالبہ کردیا۔
مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کو عوامی ایشوز پر ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کا وعدہ کرنے والا وزیراعظم لاپتا ہے، آئی ایم ایف جانے کے بجائے خود کشی کا اعلان کرنے والا، بھیک مانگنے پر موت کو ترجیح دینے والا وزیراعظم لاپتا ہے، طیارہ حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی میتیں نہ ملنے پر ان کے پیارے پوچھ رہے ہیں کہ وزیراعظم کہاں ہیں، طیارہ حادثہ کی تحقیقات پر عوام سوال پوچھ رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا ٹڈی دل سے فصلیں تباہ ہوگئیں اور وزیراعظم کا کچھ پتا نہیں، کورونا مریضوں اور اموات کی شرح بڑھتی جا رہی ہے لیکن صورت حال سے نمٹنے کی کوئی حکمت عملی موجود نہیں، پانچ سال سے فارن فنڈنگ کا کیس جاری لیکن احتساب خود سے شروع کرنے والے وزیراعظم کا کچھ پتا نہیں، 23 خفیہ بینک اکاؤنٹس برآمد ہوگئے، بی آر ٹی کے 126 ارب کے کھڈے کھودے گئے، دس ارب درخت لگادیے ہیں لیکن زمین پر یہ درخت لاپتا ہیں، خیبر پختونخوا کے احتساب کمیشن کو سات سال سے تالا لگا کر عمران صاحب لاپتا ہیں۔