عمران ٹرمپ ٹیلی فونک رابطہ، امریکا میں کورونا سے ہلاکتوں پر وزیراعظم کا اظہار افسوس
اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔
وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ٹرمپ کے مابین ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں علاقائی امور، دوطرفہ تعاون، کووڈ19 وبائی امراض سے وابستہ مسائل اور عالمی معیشت پراثرات کم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا جب کہ امریکی صدر نے وبا کا مقابلہ کرنے کے لیے امداد کا یقین دلایا۔
پاکستانی رہنما نے امریکا میں کورونا سے قیمتی جانوں کے ضیاع پراظہارافسوس کیا جب کہ پاکستان میں پھیلاؤ پر قابو پانے کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ بیماری اور کمزور طبقات کو بھوک سے بچانے کے دہرے چیلنج کا سامنا ہے، متاثرین اور کاروباری اداروں کے لیے 8 ارب ڈالر کا پیکیج دیا۔ آئی ایم ایف اور دیگر حلقوں میں حمایت پر امریکا کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مالی امداد سے بیماری کے اثرات کم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے افغان امن عمل کی سہولت کاری کے لیے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم نے ان اقدامات کی اہمیت پر زور دیا جس کے نتیجے میں بین الافغان مذاکرات کا آغاز ہوگا۔ وزیراعظم کے کورونا ٹیسٹ پر امریکی صدرنے جدید تیز رفتار ٹیسٹنگ مشین بھیجنے کی پیش کش کی۔