عظمیٰ خان پر تشدد، ماہرہ اور مہوش انصاف کی متقاضی

کراچی: مہوش حیات اور ماہرہ خان بھی اداکارہ عظمیٰ خان کے حق میں سامنے آگئیں۔
پاکستانی ماڈل و اداکارہ عظمیٰ خان اور ان کی بہن ہما خان پرتشدد کے معاملے نے پورے سوشل میڈیا کو ہلاکر رکھ دیا ہے جب کہ فنکار برادری بھی عظمیٰ خان کے ساتھ کیے جانے والے سلوک پر اٹھ کھڑی ہوئی ہے۔
ماہرہ خان نے عظمیٰ خان معاملے پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ دو بہت ہی مختلف موضوعات پر بحث چل رہی ہے۔ ایک اپنی بیوی کو دھوکا دینے والے شخص کی بے وفائی کا موضوع ہے جس پر کوئی بھی شخص اپنے صحیح ہوش و حواس میں اس کی حمایت میں کھڑا نہیں ہوسکتا جب کہ دوسرا موضوع ہے کہ کس طرح طاقتور کچھ بھی کرکے صاف نکل جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں ہمیشہ احتساب کے ساتھ کھڑی ہوں، توقع کرتی ہوں کہ اس سرزمین پر ہم سب کے ساتھ قانون کے مطابق مساوی سلوک کیا جائے۔
اداکارہ مہوش حیات نے بھی عظمیٰ خان کے حق میں آواز اٹھائی۔ انہوں نے ٹوئٹر پر کہا، آئیے اخلاقی اور قانونی مسئلے میں فرق کرتے ہیں۔ دو غلط مل کر کبھی ایک صحیح نہیں ہوسکتے۔ اپنے گھر پر سلامتی کا حق قانون میں شامل ایک بنیادی انسانی حق ہے اور یہ عہدیداروں کے لیے حقیقی امتحان ہے جنہیں یہ ثابت کرنے کی ضرورت ہے کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔