شوگر ملز ایسوسی ایشن کی حکومت کو چینی 70 روپے فی کلو کی پیشکش
اسلام آباد: شہباز گل کا کہنا ہے کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کو چینی 70 روپے فی کلو کی پیشکش کردی ہے لیکن اصل لاگت عوام کے سامنے رکھیں گے اور درست قیمت طے کرنی پڑے گی۔
اپنی ٹوئٹ میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ شوگر ملز ایسوسی ایشن نے حکومت کو چینی 70 روپے فی کلو کی پیشکش کردی ہے، وہ جو کل تک کہتے تھے لاگت بہت زیادہ ہے آج بھاؤ تاؤ کررہے ہیں، لیکن انہیں پتا نہیں کہ آگے بھی وزیراعظم عمران خان بیٹھے ہیں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ اب بات 70 فی کلو پر نہیں رکے گی، ہم اصل لاگت عوام کے سامنے رکھیں گے اور چینی کی درست قیمت طے کرنی پڑے گی۔
واضح رہے کہ 2 روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کی درخواست پر حکومت کو شوگر ملز کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ آئندہ سماعت تک ملک بھر میں چینی 70 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کی جائے۔