حکومت سندھ کی سخت شرائط، تاجروں کی محدود تعداد کا آج آن لائن کاروبار کا آغاز
کراچی: آن لائن کاروبار شروع کرنے کے لیے سندھ حکومت کی سخت شرائط کے باعث محدود تعداد میں تاجروں نے آج سے آن لائن کاروبار شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
آل سٹی تاجر اتحاد کے رہنما شرجیل گوپلانی کے مطابق 5 ہزار کے قریب دکان داروں نے آن لائن کاروبار کے لیے کوائف نامے پُر کرلیے ہیں جو پیر کو محکمہ داخلہ میں جمع کروائے جائیں گے اور پیر سے ہی آن لائن کاروبار کا آغاز کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے ایس او پیز اور سخت شرائط بالخصوص کسی ملازم میں کورونا وائرس مثبت آنے کی صورت میں علاج و معالجہ کے اخراجات اور بھاری جرمانوں کی وجہ سے دکان داروں کی بڑی تعداد گھبرا رہی ہے اور آن لائن کاروبار کے خواہش مند تاجروں کی تعداد بہت کم ہوگئی ہے۔
شرجیل گوپلانی نے کہا کہ 4 سے 5 ہزار دکان دار آن لائن کاروبار کے لیے تیار ہیں جو پیر کی صبح 10 بجے سے اپنا کاروبار شروع کردیں گے جبکہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے یا ایس او پی پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں متعلقہ تجارتی انجمنوں پر عائد کی جانے والی ذمے داری کے بارے میں سندھ حکومت اور انتظامیہ سے بات بھی کی جائے گی۔