توشہ خانہ ریفرنس: نواز اور زرداری 29 مئی کو احتساب عدالت طلب
اسلام آباد: توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے نواز شریف اور آصف زرداری کو طلب کرلیا ہے۔
توشہ خانہ ریفرنس میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری سمیت سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو 29 مئی کو طلب کرلیا ، نیب کے مطابق ملزمان نیب آرڈیننس کی سیکشن نائن اے کی ذیلی دفعہ 2، 4، 7 اور 12 کے تحت کرپشن کے مرتکب ہوئے۔
نیب کے مطابق زرداری اور نواز نے گیلانی سے غیر قانونی طور پر گاڑیاں حاصل کیں، زرداری نے گاڑیوں کی صرف 15 فیصد ادائیگی جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے کی، انہیں بطور صدر لیبیا اور یو اے ای سے بھی گاڑیاں تحفے میں ملیں اور انہوں نے گاڑیاں توشہ خانہ میں جمع کرانے کے بجائے خود استعمال کیں۔
نیب کا کہنا ہے کہ نواز شریف 2008 میں کسی بھی عہدے پر نہیں تھے، ان کو 2008 میں بغیر کوئی درخواست دیے توشہ خانے سے گاڑی دی گئی، گاڑیوں کی ادائیگی عبدالغنی مجید نے جعلی اکاؤنٹس سے کی، انور مجید نے انصاری شوگر ملز کے اکاؤنٹس کا استعمال کر کے 2 کروڑ سے زائد کی غیر قانونی ٹرانزیکشنز کیں، اس کے علاوہ انور مجید نے زرداری کے اکاؤنٹس میں بھی 9.2 ملین روپے ٹرانسفر کیے جب کہ عبدالغنی مجید نے 37 ملین روپے کسٹم کولیکٹر اسلام آباد کو ٹرانسفر کیے۔