اپوزیشن لیڈر کے پاس گھسے پٹے بیانات دینے کی حکمت عملی ہے، شہباز گل
اسلام آباد: ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کورونا سے متعلق جس حکمت عملی کی بات شروع سے کررہے تھے، دنیا آج اسے اپنارہی ہے۔
شہباز شریف کی جانب سے کورونا کی صورت حال پر تشویش سے متعلق بیان کے ردعمل میں وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر کے پاس ایک ہی حکمت عملی ہے اور وہ میڈیا میں زندہ رہنے کے لیے لکھے ہوئے گھسے پٹے بیان دینے اور خود کورونا پر اجلاس بلا کر کورونا کے ڈر سے اس میں شامل نہ ہونے کی ہے۔
شہباز گل کا قائد حزب اختلاف کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آپ آخر کہنا کیا چاہتے ہیں؟ لفاظی کے بجائے تجویز بتائیں جو آپ نے دی ہو؟، کیا آپ بتائیں گے کہ جہاں آپ نے اپنی تجاویز دینا تھیں وہاں کیوں نہیں آئے؟، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی میٹنگ میں لمحہ بہ لمحہ صورت حال دیکھتے ہوئے فیصلے کیے جاتے ہیں۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ حکومت اور عوام کو مل کر اس وبا کا مقابلہ کرنا ہے، ہمیں اس وقت تک حد درجہ احتیاط کے ساتھ کورونا کے ساتھ جینا سیکھنا ہے جب تک اس کا علاج نہیں آجاتا، وزیراعظم جس حکمت عملی کی بات شروع سے کررہے تھے دنیا آج اسے اپنا رہی ہے، خلیج اور یورپ سمیت تمام دنیا لاک ڈاوٴن سے نکلنے اور احتیاط کے ساتھ کاروبار کھولنے کی طرف جارہے ہیں لیکن اس ذہنی جمود کا کیا کیا جائے جس میں صرف لاک ڈاوٴن اٹکا ہوا تھا۔