شعیب منصور کی اگلی فلم کی ہیروئن مایا علی ہوں گی
کراچی: معروف ہدایت کار شعیب منصور کی اگلی فلم میں اداکارہ مایا علی مرکزی کردار ادا کریں گی، انہوں نے کہا کہ شعیب منصور کے ساتھ کام کرنا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
تین برس بعد مایا علی کی ڈراما سیریل ’’پہلی سی محبت‘‘ کے ساتھ ایک بار پھر چھوٹی اسکرین پر واپسی ہورہی ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے مداحوں کو ایک اور خوشخبری سنائی کہ وہ معروف ہدایت کار شعیب منصور کی اگلی فلم میں بطور مرکزی اداکارہ کام کریں گی۔
ایک ویب سائٹ کے مطابق مایا علی نے فلم کے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ مجھے شعیب منصور کی فلم کا حصہ بننے پر بے انتہا خوشی محسوس ہورہی ہے۔ مایا علی نے کہا احسن رحیم اور عاصم رضا جیسے نامور ہدایت کاروں کے ساتھ کام کرنے کے بعد اب میں تیسری فلم شعیب منصور کے ساتھ کررہی ہوں اور شعیب منصور کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔
اس فلم میں اپنے کردار کے متعلق گفتگو میں مایا علی نے بتایا کہ یہ بہت خوبصورت کردار ہے اور ایسا کردار میں نے اپنی زندگی میں پہلے کبھی ادا نہیں کیا۔
شعیب منصور نے 2017 میں ماہرہ خان کے ساتھ فلم ’’ورنہ‘‘ بنائی تھی لیکن یہ فلم مداحوں کو زیادہ متاثر نہ کرسکی تھی۔
مایا علی کا کہنا تھا کہ شعیب منصور اپنے آپ میں ایک ادارہ ہیں اور ان کے ساتھ کام کرنا میرے لیے اعزاز ہے۔ مجھے معلوم ہے میں ان سے بہت کچھ سیکھوں گی۔ مایا علی نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا انہیں یقین ہے کہ فلم بہت اچھی ثابت ہوگی۔
مایا علی نے فلم سے متعلق مزید بتاتے ہوئے کہا اس فلم کی دلچسپ بات اس کا نام ہے لیکن فی الحال وہ فلم کا نام نہیں بتاسکتیں، تاہم انہوں نے فلم کے نام کا مخفف بتاتے ہوئے کہا کہ فلم کا نام ’’اے بی جی‘‘ ہوسکتا ہے۔
خیال رہے کہ شعیب منصور کی پچھلی تینوں فلمیں’’خدا کے لیے‘‘، ’’بول‘‘ اور’’ورنہ‘‘ کے ٹائٹلز ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے تھے۔ شعیب منصور کی ہر فلم میں لوگوں کے لیے ایک سماجی پیغام ہوتا ہے تو کیا ان کی اگلی فلم میں بھی کوئی سماجی پیغام ہوگا اس سوال کے جواب میں بھی مایا علی نے فی الحال کچھ نہیں بتایا اور صرف اتنا کہا کہ فلم کا اسکرپٹ بہت اچھا ہے۔
فلم میں مایا علی کے ساتھ ٹی وی کے معروف اداکار عماد عرفانی مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔ فلم کی شوٹنگ دسمبر میں شروع ہوگی۔