صنم ماروی کا یوٹرن، گلوکاری میں واپسی کا اعلان!
لاہور: ایک روز قبل گلوکاری کو خیرباد کہنے والی گلوکارہ صنم ماروی نے ’یوٹرن‘ لیتے ہوئے گلوکاری میں واپسی کا اعلان کردیا۔
صنم ماروی کی جانب سے گلوکاری کو خیرباد کہنے کا اعلان اس وقت کیا گیا تھا جب ان کی سوتیلی بہن گلوکارہ ریشماں پروین نے ان پر شدید الزامات لگاتے ہوئے ان کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔
اس کے بعد صنم ماروی نے سندھ کے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ وہ آئندہ 15 سے 20 دن میں گلوکاری کو چھوڑ دیں گی۔
اب گلوکارہ نے ایک ویڈیو جاری کرکے سندھ کے تمام مداحوں سے اپنے رویے پر معافی بھی مانگی اور مداحوں کو منانے کے لیے انہوں نے گلوکاری کرنے کا اعلان بھی کیا۔
صنم ماروی نے اپنے فیس بک پیج پر تقریبا ساڑھے 7 منٹ کی سندھی زبان میں جاری کی گئی ویڈیو میں گزشتہ روز موسیقی چھوڑنے کے اعلان کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کہنے کا مقصد تھا کہ سندھ کے عوام نے ان کا بیان سنے بغیر ہی ان پر تنقید کرنا شروع کردی، جس وجہ سے انہوں نے غصے میں آکر موسیقی چھوڑنے کا اعلان کیا۔
وضاحتی ویڈیو میں صنم ماروی اپنے خاندانی معاملات پر بات کرتے ہوئے جذباتی بھی ہوگئیں اور کہا کہ شوہر سے خلع کے بعد انہوں نے تاحال اپنے بچوں کو نہیں دیکھا اور وہ ان کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے ہی یہ جنگ لڑ رہی ہیں۔
صنم ماروی نے سندھ کے مداحوں سے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ اگر ان کے نام سے سرزمین سندھ کی ہیروئن ماروی کا نام نکال لیا جائے تو وہ کچھ بھی نہیں رہیں گی اور وہ سندھ کے مداحوں کو برا بھلا کہنے کی بات سوچ بھی نہیں سکتیں۔
گلوکارہ نے مداحوں کو کہا کہ انہوں نے ان سندھی مداحوں کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا جو ان کے بیان سے قبل ہی انہیں جھوٹا کہہ کر ان کی کردارکشی کررہے تھے اور ایسے ہی چند افراد کے عمل کی وجہ سے انہوں نے غصے میں آکر گلوکاری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
صنم ماروی نے اپنے فیس بک پیج پر سندھی زبان میں ایک پوسٹ میں واپس گلوکاری کی جانب آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ وہ ناراض مداحوں کو منانے کے لیے سرزمین سندھ پر شاہ عبداللطیف بھٹائی کا کلام آکر گائیں گی۔
تاہم گلوکارہ نے یہ واضح نہیں کیا کہ وہ کب اور کس شہر میں آکر مداحوں کے لیے فن کا مظاہرہ کریں گی، تاہم خیال کیا جارہا ہے کہ وہ حیدرآباد میں میوزک کنسرٹ منعقد کریں گی۔