صبا قمر اور بلال سعید کی درخواست ضمانت منظور!
لاہور: مسجد میں گانے کی شوٹنگ سے متعلق کیس میں اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کی درخواست ضمانت منظور کرلی گئیں۔
کمرہ عدالت میں پیش ہوکر اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید نے اپنی اپنی حاضری مکمل کروائی۔
صبا قمر کے وکیل کا دوران سماعت کہنا تھا کہ ان کی موکل بے قصور ہیں، صبا قمر نے مسجد کا تقدس پامال نہیں کیا۔
تفتیشی افسر نے کہا کہ مدعی کی جانب سے پولیس کو سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو فراہم نہیں کی گئی۔
لاہور کی سیشن کورٹ کے جج چوہدری قاسم علی نے اداکارہ صبا قمر اور بلال سعید کی عبوری درخواستوں سے متعلق کیس کا پہلے سے محفوظ فیصلہ سنایا۔
فاضل جج نے ریمارکس دیے کہ عدالت دونوں ملزمان کی عبوری درخواست ضمانتیں کنفرم کرتی ہے، جزا اور سزا کا فیصلہ ٹرائل میں ہوگا۔
واضح رہے کہ اداکارہ صبا قمر اور گلوکار بلال سعید کے گانے کے مسجد وزیر خان میں شوٹنگ کے کچھ مناظر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد دونوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔
صبا قمر اور بلال سعید کی جانب سے مسجد میں رقص اور اللہ کے گھر کی بے حرمتی کرنے کی تردید کی گئی تھی اور دونوں کی جانب سے معافی بھی مانگی گئی تھی۔
اس معاملے پر مسجد وزیر خان کے منیجر کو معطل کردیا گیا تھا جب کہ شدید تنقید کے بعد صبا قمر اور بلال سعید کے خلاف تھانہ اکبری گیٹ پولیس نے مقدمہ درج کیا تھا۔