کھیل بنگلادیش اے کو شکست، پاکستان رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ گیا

دوحہ: پاکستان شاہینز نے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلادیش اے کو شکست دیکر رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
دوحہ میں رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستانی بولرز نے ابتدا ہی میں بنگلادیش اے کو مشکلات سے دوچار کردیا۔ علی رضا نے 15 رنز پر بنگلادیش کے دونوں اوپنرز کو پویلین بھیج دیا۔
شہادت حسین نے 103 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر بنگلادیش کا مجموعہ مقررہ پچاس اوورز میں 8 وکٹوں پر 232 رنز تک پہنچایا۔
پاکستان کے سفیان مقیم نے 29 رنز دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، علی رضا اور حسن نواز نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
233 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان شاہینز کی ابتدائی دو وکٹیں بھی 21 رنز پر گرگئیں۔
حسن نواز اور شاہ زیب خان نے تیسری وکٹ پر 110 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستانی اننگز کو سنبھالا۔ حسن نواز 62 اور شاہ زیب خان 50 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
کپتان عبدالصمد اور فرحان یوسف نے پانچویں وکٹ پر 74 رنز کی شراکت قائم کرکے پاکستان کی جیت کی راہ ہموار کی۔
عبدالصمد نے 4 چھکوں کی مدد سے 33 گیندوں پر 44 رنز بنائے جب کہ فرحان یوسف 46 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
پاکستان شاہینز نے 28 گیندیں قبل پانچ وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔ فائنل میں اتوار کو پاکستان شاہینز کا مقابلہ سری لنکا اے سے ہوگا۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/pakistan-reaches-the-rising-stars-asia-cup-final-after-defeating-bangladesh-a/






