Skip to content
ہفتہ, 28 نومبر 2026 ٹرینڈنگ کراچی کرکٹ صحت شوبز
بریکنگ
کھیل

دوسرا ٹیسٹ: سری لنکا 98 رنز پر ڈھیر، پاکستان نے 3 وکٹ پر 121 رنز بنالیے

شیئر کریں
دوسرا ٹیسٹ: سری لنکا 98 رنز پر ڈھیر، پاکستان نے 3 وکٹ پر 121 رنز بنالیے

راولپنڈی: سری لنکا 98 رنز پر ڈھیر، پاکستان نے جواب میں تین وکٹوں پر 121 رنز بنالیے، خراب روشنی کے باعث دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز کا کھیل جلد ختم کردیا گیا۔

پاکستان کو سری لنکا پر پہلی اننگز میں 23 رنز کی برتری حاصل ہے۔

اذان اویس 47 اور نائٹ واچ مین ثاقب خان 2 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں۔ طیب عارف 46 جب کہ محمد طحہٰ اور کپتان بابر اعظم 8، 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

سری لنکا کی جانب سے اسیتھا فرنانڈو، لاہیرو کمارا اور پرباتھ جے سوریا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔

پاکستانی بولرز نے شاندار لائن اور لینتھ کے ساتھ تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے سری لنکن ٹیم کو صرف 98 پر آل آؤٹ کردیا۔

یہ راولپنڈی میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچز میں کسی بھی ٹیم کا کم ترین اسکور ہے جب کہ یہ سری لنکا کا پاکستان کے خلاف چوتھا کم ترین اسکور بھی ہے۔

کپتان کوشال مینڈس (32) اور سونل دینوشا (21) کے علاوہ کوئی بیٹر ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔

لاہیرو یوڈارا 4، پاسندو سوریابندارا 2، دنیش چندیمل 7، کامندو مینڈس 8 اور دھننجیا ڈی سلوا ایک، ملن رتھنائیکے صفر، پرباتھ جے سوریا 3 اور لاہیرو کمارا صفر پر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے 3، 3 جب کہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

خیال رہے کہ اسموگ کے باعث لاہور سے راولپنڈی منتقل کیے جانے والے میچ کے لیے پاکستان ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے۔

اسپن آل راؤنڈر عرفات منہاس کی جگہ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جب کہ سری لنکن ٹیم میں دلشان مدھوشنکا کی جگہ پرباتھ جے سوریا کی واپسی ہوئی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان راولپنڈی میں ہی کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں خراب روشنی اور بارش کے باعث قریباً 140 اوورز کا کھیل متاثر ہوا تھا اور کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا تھا۔

شیئر کریں

https://urdu.voiceofsindh.com.pk/second-test-sri-lanka-bowled-out-for-98-pakistan-reach-121-for-3/

ویب ڈیسک
مصنف کے بارے میں

ویب ڈیسک

256 خبریں