Skip to content
ہفتہ, 28 نومبر 2026 ٹرینڈنگ کراچی کرکٹ صحت شوبز
بریکنگ
کھیل

رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ: پاکستان شاہینز کے ہاتھوں بھارت اے کو 48 رنز سے مات

شیئر کریں
رائزنگ اسٹارز ایشیا کپ: پاکستان شاہینز کے ہاتھوں بھارت اے کو 48 رنز سے مات

دوحہ: ایشیا کپ رائزنگ اسٹارز کے اہم ترین میچ میں پاکستان شاہینز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت اے کو 48 رنز سے مات دے دی۔

قطر کے شہر دوحہ میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی، اوپنر شامل حسین اور معاذ صداقت نے شاہینز کو 66 رنز کا آغاز فراہم کیا، شامل حسین نے 33 رنز کی اننگز کھیلی، وکٹ کیپر بیٹر روحیل نذیر صفر پر آؤٹ ہوگئے۔

معاذ صداقت 59 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، کپتان عبدالصمد نے 28 رنز بنائے، حسن نواز نے پانچ چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 79 رنز کی ذمے دارانہ باری کھیلی۔

دوسرے اینڈ سے فرحان یوسف نے 46 گیندوں پر 56 رنز اسکور کیے، پاکستانی ٹیم آخری اوور میں 313 رنز بناکر آؤٹ ہوئی، بھارت کی جانب سے وپراج، سوریانش، پرنس اور ہرشیتھ نے دو، دو کھلاڑی آؤٹ کیے۔

جوابی اننگز میں بھارت اے کے دو کھلاڑی 26 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے، تیسری وکٹ پر کپتان تلک ورما اور ابھیشک شرما نے 67 رنز جوڑے، ابھیشک شرما نے 6 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 70 رنز بنائے، پھر بھارتی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی، کپتان تلک ورما اور شہباز احمد نے ساتویں وکٹ پر 112 رنز بناکر ٹیم کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی، لیکن ناکام رہے، شہبار احمد 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ کپتان تلک ورما پورے 100 رنز کی اننگز کھیل کر آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بنے۔

بھارتی ٹیم 265 رنز بناکر 48 رنز سے مقابلہ ہار گئی، حسن نواز اور علی رضا نے تین، تین اور عمران رندھاوا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

ٹورنامنٹ میں پاکستان کے دو میچوں میں دو فتوحات کے بعد چار پوائنٹس ہوگئے ہیں اور گرین شرٹس کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن ہوگئے ہیں۔

شیئر کریں

https://urdu.voiceofsindh.com.pk/rising-stars-asia-cup-pakistan-shaheens-beat-india-a-by-48-runs/

ویب ڈیسک
مصنف کے بارے میں

ویب ڈیسک

256 خبریں