Skip to content
ہفتہ, 28 نومبر 2026 ٹرینڈنگ کراچی کرکٹ صحت شوبز
بریکنگ
کھیل

دوسرا ٹیسٹ: پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

شیئر کریں
دوسرا ٹیسٹ: پاکستان نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی

راولپنڈی: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم نے 8 وکٹوں سے کامیابی حاصل کرلی۔

پاکستان کی جانب سے اذان اویس 32 اور عامر جمال 34 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ طیب عارف 13 اور محمد طحہٰ 4 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

آج چوتھے دن کا آغاز مہمان ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز سے کیا، مہمان ٹیم نے دوسری اننگز میں 316 رنز بناکر پاکستان کو جیت کے لیے 90 رنز کا ہدف دیا۔

پاکستان کی جانب سے عامر جمال اور محمد عباس نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ رضا اللہ نے 2 وکٹ حاصل کی، ثاقب خان اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک کھلاڑی کو میدان سے باہر کیا۔

کپتان بابر اعظم نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پاکستانی فاسٹ بولروں کی تباہ کن بولنگ کے باعث سری لنکا کی ٹیم دوسرے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں صرف98 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی۔

محمد عباس، رضا اللہ اور عامر جمال نے تین تین وکٹیں حاصل کرکے سری لنکا کی بیٹنگ کو تنکوں کی طرح بکھیر دیا تھا جب کہ ثاقب خان نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔

سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ میں پاکستان کی ٹیم پہلی اننگز میں 325 رنز کے ساتھ آؤٹ ہوکر 227 رنز کی برتری حاصل کرلی تھی، غازی غوری 54 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے جب کہ ٹیل اینڈر بیٹر رضا اللہ نے 42 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوا تھا جب کہ دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان نے 8 وکٹوں سے فتح حاصل کی۔

دوسرے ٹیسٹ میں پاکستان کے محمد عباس کو شان دار گیند بازی پر پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا جب کہ مین آف دی سیریز کا اعزاز بھی انہی کے حصے میں آیا۔

شیئر کریں

https://urdu.voiceofsindh.com.pk/pakistan-defeated-sri-lanka-by-8-wickets-in-the-second-test-to-clinch-the-series/

ویب ڈیسک
مصنف کے بارے میں

ویب ڈیسک

256 خبریں