اب ملک کو آگے لے جانے کی سیاست ہوگی، شبلی فراز
اسلام آباد: وزیر اطلاعات شبلی فراز کا کہنا ہے کہ مفاد پرستی اور کرپشن کی سیاست کا وقت چلا گیا، اب ملک کو آگے لے جانے کی سیاست ہوگی، مہنگائی کا اعتراف کرتے ہیں لیکن اس کی وجوہ ہیں، عمران خان کی پہلی ترجیح قیمتوں کو کم کرنا ہے۔
شبلی فراز نے وفاقی وزراء شفقت محمود، علی محمد خان، فخر امام، زلفی بخاری اور رزاق داؤد کے ساتھ اسلام آباد میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا حکومتی کارکردگی عوام کے سامنے پیش کرنا ہماری ذمے داری ہے، حکومتی کارکردگی رپورٹ وزارتوں کی طرف سے بھی فراہم ہوگی، عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد خاص مقصد کے لیے تھی، وزیراعظم نئی نسل کے مستقبل کے امین ہیں، کورونا کی وجہ سے معیشت کمزور ہوگئی تھی، مشکل وقت میں معیشت کو سہارا دینے کی کوشش کی، ہمیں اب بھی چیلنجز درپیش ہیں۔
مشیر تجارت رزاق داؤد کا کہنا تھا حکومت نے لگژری اشیا پر ڈیوٹی بڑھائی، تجارتی خسارے پر قابو پانا بھی اہم چیلنج تھا، کورونا سے پہلے برآمدات میں اضافہ دیکھا گیا، معاشی ترقی کے لیے برآمدات میں اضافہ ضروری ہے، ہماری پالیسی کورونا کی وجہ سے متاثر ہوئی، حکومت میں آئے تو برآمدات میں کمی کا چیلنج درپیش تھا، 5 بڑے برآمدی شعبوں کے لیے پیکیج کا اعلان کیا، ہم نے کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم کیا، ایکسپورٹ کی بہتری کے لیے کوششیں کیں۔