وزیر خارجہ شاہ محمود سے کویتی ہم منصب کی اہم ملاقات
اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے انطالیہ سفارتی فورم کے موقع پر ہفتہ کو کویت کے اپنے ہم منصب شیخ ڈاکٹر احمد ناصر المحمد الصباح سے ملاقات کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور کویت کے مابین دیرپا اسٹرٹیجک شراکت کاری کے لیے جامع پلان مرتب کرنے پر اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے جو مشترک عقیدے اور اقدار کے گہرے بندھن پر استوار ہیں۔ کویت میں مقیم پاکستانی گذشتہ کئی دہائیوں سے کویت کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈال رہے ہیں۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ویزوں پر عائد پابندیوں میں پاکستانیوں کے لیے نرمی برتنے پر کویتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان، فوڈ سیکیورٹی کے شعبے میں کویت کی معاونت کرنے کے لیے تیار ہے۔
دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔
کویتی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو دورۂ کویت کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں بروئے کار لانے کے عزم کا اظہار کیا۔