آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹرز کا کراچی پریس کلب پر دھرنا
کراچی: شہر قائد سمیت سندھ بھر کے آئی بی اے ٹیسٹ پاس ہیڈ ماسٹرز نے کراچی پریس کلب پر دھرنا دے دیا۔
احتجاجی اساتذہ نے نوکریاں مستقل ہونے تک احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا۔ گزشتہ روز صوبہ بھر کے آئی بی اے ٹیسٹ پاس اساتذہ مطالبات کی منظوری کے لیے بڑی تعداد میں کراچی پریس کلب کے باہر اکٹھے ہوئے اور دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔
اس موقع پر اساتذہ کا کہنا تھا کہ ہمیں نوکریوں سے جبری طور پر برطرف کیا گیا، نوکریوں کو مستقل کرنے کے بجائے دوبارہ امتحان کی شرط مسلط کردی گئی ہے۔
اساتذہ کا کہنا تھا کہ ہم نے 4 سال تسلی بخش کارکردگی دکھائی مگر محکمہ تعلیم سندھ نے 937 آئی بی اے ٹیسٹ پاس اساتذہ کو مستقل نہیں کیا۔ اس سے قبل بھی 2019 میں احتجاج کیا، جس پر حکومت سندھ نے مطالبات منظور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور ایک کمیٹی بنائی، لیکن اس کے باوجود مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔