پی پی لیڈر لیس، وزیراعظم نے امہ کا سر فخر سے بلند کردیا: حلیم عادل شیخ
کراچی: سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے سندھ اسمبلی میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کیا، ان کے ساتھ رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر، پی ٹی آئی رہنما حاجی نثار آرائیں و دیگر بھی موجود تھے۔
حلیم عادل شیخ نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا، سب سے پہلے اپنے کپتان وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کل وزیراعظم نے مسلم امہ کا سر فخر سے بلند کردیا، آمریکا کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر پہلے کسی نے ایسے بات نہیں کی، وزیراعظم نے دو ٹوک کہا ابسلیوٹلی ناٹ۔
حلیم عادل شیخ نے کہا بلاول زرداری نے جوان ہوتے ہی اومنی گروپ دیکھا، تھر کے آر او پلانٹ کا پیسہ بلاول کے ناشتے پر استعمال ہوا، بلاول نے کبھی بھی اپنی محنت سے اک روپیا نہیں کمایا۔ پی پی اب لیڈر لیس ہوچکی ہے، پیپلزپارٹی میں کوئی لیڈر بچا نہیں۔ چھوٹے زرداری کا سندھ میں گینگ ہے، جسے مراد علی شاہ لیڈ کرتے ہیں، یہ چھوٹو گینگ کی طرح گینگ ہیں، بلاول بڑی لیڈر کے چھوٹے بیٹے ہیں، کہاں مخدوم شاہ محمود قریشی اور کہاں بلاول زرداری، جعلی بھٹو بننا بھی اصلی بھٹوز کی توہین ہے، اسامہ کے معاملے پر بڑے زرداری نے کہا وائی ناٹ، پیسے کتنے دوگے، لیکن وزیراعظم نے سب سے پہلے لندن میں بیٹھے شخص کو دہشت گرد کہا، انہوں نے تو لندن میں جاکر ٹوپیاں پہنائی۔
پی پی کے دور میں ڈرون اٹیک سب سے زیادہ ہوئے،340 ڈرون اٹیک ہوئے اور یہ کہتے رہے وائی ناٹ، غیرت مند قوم غیرت مند لیڈر آج موجود ہیں۔
حلیم عادل شیخ نے کہا میں نے اسمبلی میں پریولیج موشن پیش کیا ہے، چارٹر آف ڈیموکریسی میں محترمہ بینظیر بھٹو نے دستخط کئے تھے جس میں لکھا ہے کہ اپوزیشن لیڈر پبلک اکاؤنٹ کمیٹی کا چیئرمین ہوگا، مگر سندھ میں تو ممبر بھی نہیں رکھا گیا،آڈیٹر جنرل کی رپورٹ اسمبلی میں نہیں کی گئی، پری بجٹ سیشن بھی ٹائم پر شروع نہیں ہوا، جو رول کی خلاف ورزی ہے، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور بلاول کو موقع دیا گیا، سندھ اسمبلی میں چارپائی ان کو اپنا جنازہ لگ گیا، ہمیں مائیک پھینک کر مارا گیا، تھپڑ مارے گئے، جوتے اور پرس اٹھانے والے وزیر نے گالیاں، دھمکیاں دی، لیکن ہمارے پارلیمانی لیڈر اور اپوزیشن لیڈر کو تقریریں کرنے نہیں دی گئی۔