براڈ شیٹ کمیشن، شریعت عدالت میں دفتر قائم کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد: براڈشیٹ کمیشن کا دفتر شریعت عدالت میں قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق 20 گریڈ کے افسر طارق محمود براڈ شیٹ کمیشن کے رجسٹرار کی خدمات سرانجام دیں گے اور کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) عظمت سعید کو پولیس سیکیورٹی فراہم کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ کمیشن کے لیے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، ایف آئی اے اور اٹارنی جنرل آفس سے نیک نام اور بہترین کارکردگی دکھانے والے افسران کے نام طلب کیے گئے ہیں جب کہ وزارت صحت سے اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکریٹری آفتاب حسین کی خدمات طلب کرلی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل آفس سے 2 نیک نام افسران کے نام طلب کیے گئے ہیں۔
خیال رہے کہ اپوزیشن کے شدید اعتراض کے باوجود حکومت نے جسٹس (ر) عظمت سعید کو براڈ شیٹ کمیشن کا سربراہ مقرر کیا ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔