بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ، کراچی کے شہری سخت اذیت سے دوچار

کراچی: بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی دوبھر کردی، دن ہو یا رات بجلی کئی کئی گھنٹوں کے لیے بند کردی جاتی ہے، ایک طرف سورج آگ برسا رہا ہے تو دوسری جانب شدید گرمی کے دوران کے الیکٹرک نے شہر کے بیشتر علاقوں میں اعلانیہ اور غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بڑھادیا ہے۔
پچھلے ہفتے سے شہر میں شدید گرمی کے دوران کے الیکٹرک نے فرنس آئل کی کمی اور پوری پوری رات مینٹیننس کے نام پر شہر کے مختلف علاقوں میں روزانہ بجلی بند کرنے کا سلسلہ شروع کردیا، جس کی وجہ سے پانی کا بحران بھی سر اٹھانے لگا ہے۔
لیاقت آباد، نارتھ کراچی، فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس، گلستان جوہر، کھارادر، لیاری، کورنگی، اورنگی ٹاؤن، ملیر، لانڈھی اور دیگر علاقوں میں بدترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔
ان علاقوں میں 38 سے 40 درجہ حرارت کے باوجود صبح سے شام تک 9 سے 11 گھنٹے تک بجلی معطل رہتی ہے جب کہ کے الیکٹرک کی جانب سے شہریوں کو ایک پیغام بھیج دیا جاتا ہے کہ آپ کے علاقے کی بجلی فرنس آئل کی کمی یا مینٹیننس کی وجہ سے بند رہے گی۔
اس صورت حال نے شہریوں کی زندگی جہنم بنادی ہے اور لوڈشیڈنگ سے بچے، خواتین، بزرگ اور بیمار سب پریشان ہیں۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک نے لوڈشیڈنگ کی وجہ وفاق کی جانب سے فرنس آئل اور گیس کی عدم فراہمی کو قرار دیا ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ ایندھن کی مطلوبہ مقدار میں فراہمی متعلقہ اداروں کی ذمے داری ہے۔
کے الیکٹرک کا دعویٰ ہے کہ لوڈشیڈنگ ایسے علاقوں میں کی جارہی ہے جہاں بل نہ بھرنے کی شکایات زیادہ ہوں، حالانکہ زمینی حقائق کے الیکٹرک کے اس دعوے کے برعکس ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔