اداکارہ روبینہ اشرف کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا!
کراچی: سینئر اداکارہ روبینہ اشرف کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آگیا۔
اداکارہ کے شوہر طارق مرزا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ روبینہ اشرف کورونا سے صحت یاب ہوگئی ہیں، تاہم فی الحال وہ ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔
طارق مرزا کے مطابق روبینہ اشرف کمزوری کے باعث مکمل صحت یابی تک ہسپتال میں ہی رہیں گی۔
دھیان رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں روبینہ اشرف میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نے گھر میں خود ساختہ تنہائی اختیار کرلی تھی۔
بعد ازاں انہیں حالت بگڑنے پر کلفٹن کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، ذرائع کے مطابق سینئر اداکارہ کو کورونا کے باعث سانس لینے میں مشکل کا سامنا تھا۔
خیال رہے کہ روبینہ اشرف سمیت شوبز سے تعلق رکھنے والی متعدد شخصیات کورونا وائرس سے متاثر ہوچکی ہیں جن میں اداکارہ سکینہ سموں، ٹی وی میزبان ندا یاسر، اداکار یاسر نواز، واسع چوہدری سمیت علیزے شاہ، بلال مقصود اور اداکار نوید رضا شامل ہیں۔