عدالت عظمی نے پشاور ہائی کورٹ کو فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ ملزمان رہا کرنے سے روک دیا

اسلام آباد: عدالت عظمی نے پشاور ہائی کورٹ کو ملٹری کورٹس سے سزا یافتہ ملزمان کو رہا کرنے سے روک دیا۔
جسٹس مشیر عالم اور جسٹس قاضی امین پر مشتمل سپریم کورٹ کے بینچ نے ملٹری کورٹ سے سزا یافتہ قیدیوں کی پشاور ہائی کورٹ سے ضمانتوں کے خلاف وفاق کی درخواست پر سماعت کی۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ غیر معمولی مقدمات ہیں جن میں ضمانتوں سے ناقابل تلافی نقصان ہوگا، متعلقہ افراد کی گرفتاریوں کے لیے کئی لوگوں نے جان کا نذرانہ پیش کیا۔
جسٹس مشیرعالم نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ پشاور ہائی کورٹ کو ضمانت دینے سے روکتی ہے تو غلط روایت ہوگی، ایسے تو ہر آدمی ہائی کورٹ کے خلاف سپریم کورٹ آجائے گا۔
سپریم کورٹ نے پشاور ہائی کورٹ کو ملٹری کورٹس سے سزا یافتہ ملزمان کو رہا کرنے سے روکتے ہوئے حکم دیا کہ پشاور ہائی کورٹ ضمانت کے عبوری احکامات بھی جاری نہ کرے، تاہم مقدمات کی میرٹ پر سماعت جاری رکھے۔
عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کر کے سماعت آئندہ پیر تک ملتوی کردی۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔