بھارت میں پھنسے 193 پاکستانیوں کو سفر کی خصوصی اجازت
لاہور: بھارت میں پھنسے 193 پاکستانیوں کو واہگہ پہنچنے کے لیے لاک ڈاؤن کے باوجود بھارتی وزارت داخلہ نے اندرون ملک سفر کی خصوصی اجازت دے دی۔
نجی ٹی وی کے مطابق دنیا کے مختلف ملکوں کی طرح بھارت میں بھی لاک ڈاؤن ہے، عوام کے لیے بین الاضلاعی و ریاستی سفر پر بھی پابندی ہے، تاہم بھارتی وزارت داخلہ نے وہاں پھنسے 193 پاکستانیوں کو واہگہ بارڈر تک پہنچنے کے لیے سفر کی خصوصی اجازت دے دی ہے۔ سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تمام پاکستانی بھارت کے مختلف شہروں سے الگ الگ گاڑیوں میں واہگہ بارڈر پہنچیں گے، جہاں سے 5 مئی کو پاکستان میں داخل ہوں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق بھارتی وزارت داخلہ نے پاکستانی شہریوں کو جو مختلف شہروں میں مقیم ہیں انہیں واہگہ اٹاری بارڈر تک سفر کی اجازت دے دی ہے جبکہ بھارتی امیگریشن اور کسٹم حکام کو اس بارے آگاہ کردیا گیا ہے۔ بھارت کی مختلف ریاستوں سے پاکستانی شہری اپنے طور پر الگ الگ گاڑیوں سے واہگہ بارڈر پہنچیں گے، لکھنؤ سے 5، بجنور سے 6، رائے بریلی، آگرہ، رام پوراور کوشامبی سے 3،3، ریاست گجرات کے شہر احمدآباد سے 12، آنند گجرات سے 3، بھوپال سے 5، برہان پورہ سے 3، اندو مدھیہ پردیش سے33، ناگ پور سے 49، جالگاؤں سے 7، کولہاپورسے 3 اور ممبئی سے 9 کے علاوہ نئی دہلی، جے پور اور رائے پور سے 9،9، فیروزپورسے 3، لدھیانہ سے ایک، گروگرام ہریانہ 4، جودھ پور سے ایک، کوٹا سے 3 جب کہ کولکتہ سے 2 پاکستانی شہری واپس وطن پہنچیں گے۔
بھارت سے واپس آنے والے تمام پاکستانیوں شہریوں کی اسکریننگ اورکورونا ٹیسٹ کیے جائیں گے اور انہیں لاہورمیں بنائے گئے مختلف قرنطینہ مراکزمیں رکھا جائے گا۔