لیاری میں کرنٹ لگنے سے شہری زندگی سے محروم ہوگیا
کراچی: شہر کی قدیم بستی لیاری میں ایک اور شہری کرنٹ لگنے سے جان کی بازی ہار گیا۔ پچھلی بارشوں میں بھی متواتر ایسے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔
شہر قائد میں کل سے اب تک برسات کا سلسلہ جاری ہے۔ شہر بھر میں اربن فلڈنگ کی صورت حال ہے۔ کراچی لگ بھگ ڈوب گیا ہے۔ اولڈ ایریاز میں صورت حال انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔ جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور برساتی پانی جمع ہے اور کئی دنوں تک یوں ہی جمع رہ کر انتظامی کارکردگی کو منہ چڑاتا رہے گا۔ ایسا لگتا ہے کہ متعلقہ انتظامیہ یہاں کے مسائل حل کرنا ہی نہیں چاہتی۔
شہر کے قدیم علاقے لیاری میں بجلی کی فراہمی کا نظام انتہائی بوسیدہ اور پُرانا ہے۔ اس وجہ سے برسات میں اکثر کرنٹ لگنے کے واقعات پیش آتے رہتے ہیں، لیکن متعلقہ انتظامیہ اس نظام کو بہتر بنانے اور انسانی زندگیوں کو تحفظ دینے کے ضمن میں کچھ بھی کرنے سے قاصر ہے۔ کرنٹ لگنے سے آج جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت سلامت کے نام سے ہوئی، متوفی کی عمر ساٹھ سال بتائی جاتی ہے جو ٹھنڈیری روڈ پر مہران ہوٹل کے قریب راہ چلتے کھمبے سے کرنٹ لگنے سے موت کے منہ میں چلا گیا۔ بجلی کا محفوظ نظام وقت کی ضرورت ہے، تاکہ آئندہ کوئی اس طرح اپنی زندگی سے محروم نہ ہوسکے۔