راحیلہ ٹوانہ اور بانو صدیقی کا پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان
کراچی: سینئر خاتون سیاست دان راحیلہ ٹوانہ نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرلی۔ اس حوالے سے میڈیا سے گفتگو میں راحیلہ ٹوانہ کا کہنا تھا کہ میں ارباب غلام رحیم کا شکریہ ادا کرتی ہوں، وہ میرے گھر آئے۔
انہوں نے کہا کہ ارباب رحیم آزمائے ہوئے ہیں، عام سندھی کا ان پر بھروسا ہے، میرا سندھ تشدد کی طرف بڑھ گیا ہے، ہمارے بچوں کے ساتھ زیادتی ہے، میرے گھر پر پی ٹی آئی کے بہت لوگ آئے تھے، میں نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا ہے۔ مجھے ارباب رحیم نے بتایا کہ عمران کا وژن بڑا ہے، عمران خان کا ساتھ دیا جائے، ملک میں بحران ہیں۔
راحیلہ ٹوانہ کا کہنا تھا کہ سیاست دانوں کے خلاف کرپشن کے کیسز عمران خان نے نہیں بنائے، سب پرانی حکومت نے بنائے ہیں، کشمیر پر عمران خان کی پالیسی بہت اچھی ہے، ارباب رحیم کے دور میں نہریں صاف کی گئیں۔ اب وہاں کچھ نہیں ملتا، سب ختم ہوگیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے پاک وطن پارٹی بنائی تھی، بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کی تیاریاں کرلی تھیں، میں اپنی پارٹی سمیت پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرتی ہوں۔
دریں اثنا سابق ایم پی اے بانو صدیقی نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو میں پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا، انہوں نے کہا ق لیگ کی جب حکومت ختم ہوئی، میں نے کسی بھی سیاسی پارٹی میں شمولیت کا اعلان نہیں کیا، میں بھی آج پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کرتی ہوں۔