ایڈیشنل آئی جی کراچی کی ایس او پیز پر عمل درآمد کرانے کیلیے پولیس کو ہدایات

کراچی: ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس نے پولیس کو سندھ حکومت کی جانب سے کورونا وائرس سے بچائو کے لیے نافذ کردہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو انتظامیہ اور شہریوں کے تعاون سے ممکن بنانے کے اقدامات کی ہدایات کی ہیں۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب منہاس نے گارڈن ہیڈکوارٹر میں زونل ڈی آئی جیز، ضلعی ایس ایس پیز و تمام ڈویژنل ایس پیز، سب ڈویژنل ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے کورونا ایس او پیز کے حوالے سے بنائے گئے ناکوں پر تعینات افسران و جوان شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں۔


انہوں نے پولیس ناکوں پر تعینات افسران و جوانوں کے کسی بھی غیر ذمے دارانہ رویے کی اطلاعات یا شکایات پر فوری محکمانہ کارروائی کرنے کی ہدایات بھی دیں۔
پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بس مالکان اور ڈرائیور کے خلاف کارروائی کی جائے اور مسافروں کو غیر ضروری تنگ نہ کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد نہ کرنے والے دُکان داروں کے خلاف ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ کارروائی کی جائے اور خریداروں کو اس حوالے سے تنگ نہ کیا جائے۔
انہوں نے کورونا ایس او پیز کے حوالے سے جاری ہدایات کی خلاف ورزی یا کسی بھی قسم کی رعایت دینے والے پولیس افسر و جوان کے خلاف فوری کارروائی کرنے کے احکامات بھی جاری کیے۔
لاک ڈاؤن میں صحافیوں کی پیشہ ورانہ انجام دہی کے دوران ان سے عزت و احترام سے پیش آنے کی ہدایات بھی دی گئیں۔
کراچی پولیس چیف نے ہدایت دی کہ تھانوں میں تعینات تمام پولیس اہلکاروں کو ان ہدایات کی مکمل بریفننگ دی جائے تاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے دیے گئے احکامات کی عمل داری میں کوئی ابہام نہ رہے اور عوام کو بلاوجہ تنگ نہ کیا جائے۔
ایڈیشنل آئی جی کراچی نے اس موقع پر پیغام دیا کہ اس مشکل گھڑی میں عوام کی مدد اور تعاون سے اس وبا سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔