46500 اساتذہ کی اسامیوں کیلیے اگست کے دوسرے ہفتے میں ٹیسٹ لینے کا فیصلہ
کراچی: وزیر تعلیم و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں 46500 پی ایس ٹی اور جے ای ایس ٹی اساتذہ کی بھرتیوں کے لیے ملنے والی 5 لاکھ درخواستوں کے بعد اب ان امیدواروں کے ٹیسٹ اگست کے دوسرے ہفتہ میں لیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا اساتذہ کی میرٹ پر بھرتیوں اور صاف و شفاف ٹیسٹ کے انعقاد کے لیے آئی بی اے سکھر کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ ان ٹیسٹ کے ڈویژن کے تحت ٹیسٹ کے امتحانات کے لئے بائیو میٹرک، سی سی ٹی وی کی تنصیب سمیت تمام اقدامات کو یقینی بنائے۔ ہمیں امید ہے کہ ان ٹیسٹ کے نتائج کے بعد جو اساتذہ بھرتی ہوں گے اس سے ہمارے تعلیم کا معیار مزید بہتر ہوگا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو سیکریٹری تعلیم کے دفتر میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں سیکرٹری تعلیم سندھ احمد بخش ناریجو، وائس چانسلر سکھر آئی بی اے سید میر محمد شاہ، رجسٹرار سکھر آئی بی اے ڈاکٹر زاہد حسین کھنڈ، آئی ٹی ایکسپرٹ ظفر احمد، ڈائریکٹر ایچ آر محمد جنید اور دیگر موجود تھے۔
اجلاس میں اساتذہ کی بھرتیوں کے لئے ٹیسٹ کے طریقہ کار، سینٹرز، امیدواروں کی بائیومیٹرک حاضری اور صاف و شفاف فوری نتائج سمیت دیگر پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی۔
سعید غنی نے کہا کہ صوبے بھر سے یونین کونسل کی سطح پر پی ایس ٹی اور جےای ایس ٹی کی 46 ہزار 500 سے زائد اسامیوں کے لئے ملنے والی 5 لاکھ درخواستوں اور ان کے ٹیسٹ کے انعقاد کے حوالے سے آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلر سے تفصیلی بریفنگ لی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیسٹ ڈویژن کی سطح پر 6 ڈویژن کراچی، حیدرآباد، سکھر، شہید بینظیر آباد، میر پور خاص اور لاڑکانہ میں منعقد کئے جائیں گے اور تمام سینٹرز کی روزانہ ہونے والے ٹیسٹ کی مکمل سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی جائے گی۔
سعید غنی نے کہا کہ تمام امیدواروں کو مکمل طور پر کھلی فضا میں ٹیسٹ دینے کا موقع میسر آسکے اور ٹیسٹ کے شفاف انعقاد اور اس کے میرٹ پر نتائج کے لئے تمام اقدامات بروئے کار لائیں جائیں۔