جیل اصلاحات: چیف سیکریٹری سندھ اور وفاقی محتسب کی سربراہی میں اہم اجلاس

کراچی: جیل اصلاحات کے حوالے سے چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ اور وفاقی محتسب سید طاہر شہباز کی مشترکہ سربراہی میں اہم اجلاس ہوا۔
اس موقع پر چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کا کہنا تھا کہ صوبہ سندھ کی تمام جیلوں میں اصلاحات لائی جارہی ہیں، اصلاحات کے لیے محکمہ تعلیم، صحت، سوشل ویلفیئر اور سول سوسائٹی کام کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جیل اصلاحات کے تحت اوور سائٹ کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں، اوور سائٹ کمیٹیوں میں عدلیہ، سول سوسائٹی، تعلیم و صحت کے ماہرین اور مخیر افراد شامل ہیں، صوبے کی 23 جیلوں میں پرزن انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم جولائی میں شروع کیا جائے گا، پرزن انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم سے جیلوں کی مانیٹرنگ اور انتظامی امور میں بہتری آئے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ صوبے کے قیدیوں کی ویکسی نیشن شروع کی گئی ہے، اب تک 4350 قیدی اور 1222 جیل عملے کی ویکسی نیشن مکمل کی گئی ہے۔ نئے آنے والے قیدیوں کا کرونا وائرس کے ٹیسٹ کیے جاتے ہیں۔
چیف سیکریٹری سندھ کا وفاقی محتسب کو آگاہی دیتے ہوئے کہنا تھا کہ ٹھٹھہ میں ہائی سیکیورٹی پرزن بنائی جائے گی، لینڈ یوٹیلائزیشن محکمہ کو 4 نئی جیلوں کے واسطے زمین کے لیے لکھا گیا ہے، موجودہ جیلوں کی بحالی اور مرمت کے لیے 1 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔
اس موقع پر وفاقی محتسب نے حکومت سندھ کی جیل ریفارمز کو سراہا۔ وفاقی محتسب سید طاہر شہباز کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ نے جیل اصلاحات میں بہت اچھا کام کیا، اصلاحات کو رپورٹ کا حصہ بنا کر سپریم کورٹ میں پیش کریں گے۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔