کورونا خدشہ، عیدالفطر کی نماز کے لیے خصوصی ہدایات جاری!
اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر نے عیدالفطر کی نماز کے لیے خصوصی ہدایات جاری کردیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر اور لیفٹیننٹ جنرل حمود الزمان کی زیرصدارت این سی او سی کا اجلاس ہوا، جس میں معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس 8 سے 16 مئی تک ملک بھر میں چلنے والے موبلٹی کنٹرول اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔
این سی او سی نے 16 مئی 2021 تک عائد پابندیوں کے تناظر میں وبائی امراض کے پھیلاوٴ کو کم کرنے کے لیے ایس او پیز پر عمل داری کے عزم پر زور دیا اور اپیل کی کہ عوام ان اقدامات پر عمل داری کے لیے متحد اور ثابت قدم رہیں۔
این سی او سی نے ملک بھر میں عیدالفطر کی نماز کے لیے رہنما خطوط کی منظوری بھی دے دی، جس کے تحت عید کی نماز کووڈ پروٹوکول کے ساتھ کھلی جگہوں پر منعقد کی جائے، اگر مسجد میں نماز پڑھنی ناگزیر ہو وینٹی لیشن کے لیے کھڑکیاں اور دروازے کھول دیے جائیں، مسجد یا کسی بھی کھلی جگہ پر رش کم کرنے کے لیے نماز دو سے تین بار پڑھائی جائے اور نماز عید کا خطبہ محدود رکھا جائے، بیمار، بزرگ اور 15 سال سے کم عمر بچے نماز میں آنے سے گریز کریں، عید کی نماز کے لیے آنے والے ماسک لازمی پہنیں۔
ہدایات میں مزید کہا گیا کہ نماز پڑھنے والے اپنی جائے نماز ساتھ لائیں اور وضو گھر سے کرکے آئیں، مساجد اور عید گاہوں میں داخلے کے لیے متعدد راستے رکھے جائیں، گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے گریز کریں، نماز کے بعد ہجوم نہ بنائیں۔