پاکستانی گلوکار علی حیدر امریکی ٹی وی شو کی میزبانی کریں گے
لاہور: گلوکار علی حیدر اب امریکا میں ٹی وی شو کی میزبانی کریں گے۔ وہ امریکا کے ٹی وی چینل "این ٹی وی ہوسٹن” پر ‘دی علی حیدر شو’ کی میزبانی کرتے نظر آئیں گے۔
امریکی ٹی وی چینل نے علی حیدر کے اس شو سے متعلق اپنی ٹویٹ پر پیغام جاری کیا ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ علی حیدر این ٹی وی یوسٹن پر ایک شو کی میزبانی کریں گے۔ میڈیا کے مطابق علی حیدر کا کہنا ہے کہ وہ ایک بڑے سیٹ کو فائنل شکل دینے کے لیے کام کررہے ہیں۔ علی حیدر کے مطابق یہ کام اس وقت آخری مراحل میں ہے۔ علی حیدر کا کہنا ہے کہ اس شو کا دورانیہ ایک گھنٹے کا ہوگا، جس میں موسیقی اور تفریح سے بھرپور مواد نشر کیا جائے گا۔ یہ پروگرام چینل پر ہفتے میں ایک مرتبہ نشر کیا جائے گا۔ علی حیدر کا یہ بھی کہنا ہے کہ اس شو کا فارمیٹ تفریح، انٹرٹینمنٹ اور لائیو میوزک پر مشتمل ہوگا۔
Singer Ali Haider is back in action with a new show
For more https://t.co/0R0O22o8q2#AliHaider #NTVHouston pic.twitter.com/xQSMYUqwAt— NTV Houston (@NTV_Houston) April 22, 2021
علی حیدر کے گیتوں کا پہلا والیم "قرار” 1980 کی دہائی میں ریلیز ہوا تھا، اس کے بعد 1990 کی دہائی میں ان کے گیت "پرانی جینز” کو بے پناہ شہرت حاصل ہوئی تھی۔ علی حیدر نے اپنی گائیکی کا سفر جاری رکھا اور پیشہ وارانہ طور پر موسیقی سے منسلک رہے تاہم کیریئر میں ایک موقع پر بیٹے کی وفات کے سبب وہ میوزک سے دور رہے۔ کچھ عرصے انہوں نے صرف مذہبی مناقب پڑھیں اور کوئی گیت نہیں گایا، تاہم بعد میں صوفی گائیکی کے ساتھ وہ موسیقی کی دنیا میں ایک بار پھر واپس آگئے۔ اپنی اس فنی سفر کو جاری رکھتے ہوئے اب وہ امریکی ٹی وی پر شو کی میزبانی کریں گے۔