شاہد خاقان نے اسپیکر قومی اسمبلی سے معافی مانگنے سے انکار کردیا
اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ہمیں ناموس رسالت پر بات کرنے نہیں دیتے، میں صرف اللہ تعالیٰ کی ذات سے معافی مانگتا ہوں، اس کے علاوہ کسی اور سے معافی نہیں مانگوں گا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وزرا کی فوج ہے اور ان کی نوکریاں روز بدلی جاتی ہیں، آج معیشت اور خارجہ پالیسی زوال پذیر ہے۔ ملک میں آج مہنگائی عروج پر ہے، پاکستانی عوام شناختی کارڈ ہاتھ میں لے کر ایک کلو چینی خریدنے کے لیے لائنوں میں لگے ہیں۔ چینی اسکینڈل میں پنجاب کے وزرا کا کیا قصور ہے، اصل ذمے دار وزیراعظم اور وفاقی کابینہ ہے، نیب کا کیس بنائیں اور وزیراعظم سمیت وزرا کو جیل میں ڈالا جائے، وزیراعظم اور کابینہ کو بھی ڈیڑھ سال جیل میں ڈالیں پھر پتا چلے گا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی خارجہ پالیسی، پارلیمنٹ اور اخلاقی قدریں زوال کا شکار ہیں، اسپیکر قومی اسمبلی ہمیں ناموس رسالت پر بات کرنے نہیں دیتے، میں صرف اللہ تعالیٰ کی ذات سے معافی مانگتا ہوں، اس کے علاوہ کسی اور سے معافی نہیں مانگوں گا، اسپیکر سے معافی نہیں مانگوں گا۔
انہوں نے کہا کہ این سی او سی ناکام ہوچکی، اسے بند کردیا جائے، آج پاکستانی حکومت کورونا ویکسین کا ایک ٹیکہ خرید نہیں سکی، 23 کروڑ عوام کا ملک خیرات میں ویکسین لے کر لوگوں کو لگارہا ہے، دنیا نے کورونا پر قابو پالیا، پاکستان میں کورونا بڑھتا جارہا ہے، وہ دن دور نہیں جب دنیا پاکستان کے لیے بین الاقوامی سفری پابندیاں عائد کردے گی۔