وزیراعظم سے لارڈ نذیر کی ملاقات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارت کے ساتھ تعلقات پر گفتگو
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے لارڈ نذیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارت کے ساتھ تعلقات پر گفتگو کی گئی۔ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے سے متعلق بھی مشاورت ہوئی۔
وزیراعظم عمران خان اور لارڈ نذیر کی ملاقات میں کورونا وبا، اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب انتخابی اصلاحات کے سلسلے میں وزیراعظم نے آئینی ماہرین سے مشاورت شروع کردی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے انتخابی اصلاحات پر نامور قانون دان بیرسٹر علی ظفر سے بحی ملاقات کی ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے انتخابی اصلاحات پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کرنے کی ہدایت دی۔ وزیراعظم نے کہا کہ حالیہ سینیٹ انتخابات سے بہت کچھ سیکھا ہے۔ انتخابات میں بد عنوانی اور پیسے کے استعمال کو روکیں گے۔ وزیراعظم نے سینیٹ میں تمام پارٹیوں کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ سینیٹ میں زیر التوا قانون سازی جلد از جلد مکمل کی جائے۔