سندھ کی جیلوں میں قیدیوں کی کورونا ویکسی نیشن کی جائے گی، نوٹیفکیشن جاری
کراچی/لاہور: سندھ حکومت نے جیلوں کے قیدیوں کی کورونا ویکسی نیشن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ صوبے بھر میں جمعے اور اتوار کو تمام کاروباری مراکز بند رکھے جانے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ پہلے مرحلے میں 50 سال سے زائد عمر کے قیدیوں کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ ویکسی نیشن کا مرحلہ 7 اپریل سے شروع ہوگا۔ سندھ کی جیلوں میں قید 2 ہزار 532 قیدیوں کی ویکسی نیشن کا ٹاسک رکھا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے وضاحت جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ کراچی سمیت صوبے بھر میں جمعے اور اتوار کو تمام کاروباری مراکز بند رہیں گے۔
دوسری جانب سیکرٹری پنجاب پراونشل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، جس میں کہا گیا کہ صرف میڈیکل اور ایمرجنسی ٹرانسپورٹ کو چلنے کی اجازت ہوگی۔ ایک صوبے سے دوسرے صوبے جانے والی گڈز ٹرانسپورٹ کو اجازت ہوگی۔ پابندی کا اطلاق 10 اپریل سے ہوگا۔ متعلقہ عملے کو تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔