میں صنفی برابری پر یقین رکھتی ہوں، سارہ خان
کراچی: پاکستان کی معروف اداکارہ سارہ خان نے حال ہی میں فیمینزم سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ سارہ خان نے ایک انٹرویو کے دوران فیمینزم سے متعلق اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں صنف میں برابری پر یقین رکھتی ہوں، میں خواتین کو برتر دکھانے کا مطالبہ نہیں کرتی بلکہ میں خواتین اور مردوں کو ایک ساتھ دیکھنے کے بارے میں کہتی ہوں’۔
سارہ خان نے کہا کہ مردوں اور خواتین کو اسی جگہ پر رہنا چاہیے جو اللہ نے ان کے لیے مختص کی ہیں اور اسے تبدیل کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اللہ نے خواتین کو مضبوط بنایا ہے تو ہم کیوں اس بارے میں بات کرتے ہیں کہ خواتین مضبوط ہیں اور انہیں برابر معاوضہ ملنا چاہیے۔
سارہ خان نے کہا کہ میرے خیال میں لڑنے کے بجائے اپنے بیٹوں کی اچھی تربیت کرنا زیادہ بہتر ہے، اپنی بیٹیوں کو یہ نہ سکھائیں کہ وہ عورت مارچ کریں بلکہ اپنے بیٹوں کی تربیت کریں کیونکہ ان بیٹوں کی ماں ایک عورت ہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک خاتون گھر کے امور چلاتی ہے وہ گھر والوں کے لیے کھانا بناتی ہے اور اپنی فیملی کو سپورٹ کرتی ہے، اللہ نے خواتین کو ایک خاص جگہ دی ہے لیکن میرا یہ ماننا ہے کہ مردوں کے بھی برابری کے حقوق ہیں۔