جسٹس وقار سیٹھ کی نماز جنازہ ادا!
پشاور: چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
نماز جنازہ پشاور میں کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں ادا کی گئی، جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، صوبائی وزراء، کور کمانڈر پشاور، آئی جی خیبرپختونخوا، ترجمان صوبائی حکومت کامران بنگش، غلام بلور، میاں افتخار حسین نے شرکت کی۔
نماز جنازہ میں ہائی کورٹ کے ججز سمیت وکلاء اور ہر شعبۂ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کورونا ایس او پیز کے تحت جنازہ پڑھایا گیا اور شریک افراد کے درمیان تین فٹ کے فاصلے کو یقینی بنایا گیا۔
پاکستان بار کونسل اور سپریم کورٹ بار کی اپیل پر جسٹس وقار سیٹھ کے انتقال پر آج ملک بھر میں وکلا نے یوم سوگ منایا۔
خیال رہے کہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار سیٹھ گزشتہ روز کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے تھے۔