غیرت کے نام پر قتل لڑکا لڑکی کی بغیر کفن و جنازے تدفین، قاتل گرفتار!
پشاور: 6 روز قبل غیرت کے نام پر 21 سالہ نوجوان وقاص اور 16 سالہ لڑکی کو قتل کرکے لاشوں کو بغیر جنازے کے دفنانے کا انکشاف ہوا ہے.
پشاور میں تھانہ یکہ توت کے علاقے دیرکالونی میں غیرت کے نام پر6 روزقبل 21 سالہ نوجوان وقاص اور16 سالہ لڑکی کو قتل کرکے لاشوں کو بغیر جنازے کے دفنانے کا انکشاف کیا گیا ہے۔ رات کی تاریکی میں نوجوان لڑکے اور لڑکی کو قتل کرنے والے تین ملزمان صالح محمد، نورالدین اور شہاب الدین کو بھی گرفتارکرلیا گیا ہے۔
گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران 2 جولائی کو رات کی تاریکی میں نوجوان وقاص اور مسماۃ کو قتل کرنے کا اعتراف کرتے ہوئے بغیر تجہیز و تکفین کے الگ الگ مقامات پر دفن کرنے کا انکشاف کیا۔ پولیس نے دونوں قبروں کی شناخت کرکے قبروں کی حفاظت اورملزمان کی جانب سے لاشوں کو کسی نامعلوم جگہ منتقل کرنے کے خدشے کے پیش نظر پولیس گارڈ تعینات کردیا ہے جب کہ پولیس نے قبرکشائی کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا ہے جس کے بعد مقتولین کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔
تفتیشی ٹیم نے میڈیا کو بتایا کہ وقاص اورمسماۃ (س) قریبی رشتہ دار تھے، دونوں کی آپس میں دوستی تھی، تاہم غیرت کے نام پر لڑکی کے چچا ہشام نے فائرنگ کرکے گھر کے اندر قتل کیا جب کہ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، پولیس نے کیس میں لڑکی کے والد سمیت دو افراد کو گرفتار کرلیا ہے، تاہم مرکزی ملزم تاحال فرار ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
وقاص کے والد بیرون ملک مقیم ہیں، انہیں بیٹے کے قتل کے بارے میں معلومات نہیں دی گئیں۔ تفتیشی ٹیم کے مطابق جس روز یہ واقعہ ہوا، اس روز لڑکی کے گھر والوں نے وقاص کے چچا سے رابطہ کیا، جس پرانہوں نے بتایا کہ جو فیصلہ آپ کرتے ہیں ہمیں قبول ہے جس پرلڑکا اور لڑکی دونوں کو قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق کیس میں وقاص کے چچا کو بھی گرفتار کرکے شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔