کورونا سے اموات 5 ہزار کے قریب، متاثرین 2 لاکھ 40 ہزار سے متجاوز!
اسلام آباد: پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے مزید 61 افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 4 ہزار 983 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں 24 ہزار 333 کورونا ٹیسٹ کیے گئے، اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر کورونا کے 14 لاکھ 91 ہزار 437 ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں۔
ملک بھر میں کورونا کے مزید 3 ہزار 359 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، اس وقت پاکستان میں کورونا کے مصدقہ مریضوں کی کل تعداد 2 لاکھ 40 ہزار 848 ہے۔ ملک میں کورونا کے فعال کیسز کی تعداد 90 ہزار 554 ہے جب کہ ایک لاکھ 45 ہزار 311 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔
ملک میں کورونا کے سب سے زیادہ کیسز صوبہ سندھ میں ہیں۔ سندھ میں مریضوں کی تعداد 99 ہزار 362 ہوگئی ہے، پنجاب میں 84 ہزار 587، خیبر پختونخوا میں 29 ہزار 52، بلوچستان میں 11 ہزار 52، اسلام آباد میں 13 ہزار 731، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 605 اور آزاد کشمیر میں ایک ہزار 459 افراد اس مرض سے متااثر ہوئے ہیں۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کا شکار مزید 61 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جس کے بعد ملک میں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 4 ہزار 983 ہوگئی ہے۔
پنجاب میں ایک ہزار 955 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ سندھ میں ایک ہزار 637، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 54، اسلام آباد میں 142، بلوچستان میں 124، گلگت بلتستان میں 31 جب کہ آزاد کشمیر میں 40 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔