علی زیدی ملزمان کو فائدہ پہنچانے کے چکر میں ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

راولپنڈی: مراد علی شاہ نے تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی پر ملزمان کو فائدہ پہنچانے کے لیے جے آئی ٹی کو متنازع بنانے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ علی زیدی ملزمان کو فائدہ پہنچانے کے چکر میں ہیں۔
راولپنڈی نیب میں روشن ہاؤس کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعلی سندھ نے گزشتہ روز عزیر بلوچ سے متعلق جوائنٹ انٹروگیشن رپورٹ پر وفاقی وزیر علی زیدی کی پریس کانفرنس پر بھی اظہار خیال کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے لگتا ہے کہ علی زیدی کی طرف سے عزیر بلوچ کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ کے بارے میں دیا گیا غیر ذمے دارانہ بیان اس کیس کے ملزمان کو فائدہ پہنچانے کی کوشش ہے، اگر ایسا ہوا تو قانون اپنی کارروائی کرے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ جے آئی ٹی پر تمام 7 ارکان کے دستخط ہیں، علی زیدی ملزمان کو فائدہ پہنچانے کے لیے رپورٹ کو متنازع بنارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں محکمۂ قانون نے منع کیا تھا کہ جے آئی ٹی کو جاری نہ کریں، ہم پر سیاسی دباؤ آیا تو ہم نے جے آئی ٹی جاری کردی مگر علی زیدی نے غیر ذمے داری کا کام کیا اور پتا نہیں وہ دوسری جے آئی ٹی کہاں سے بناکر لے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ علی زیدی نے قومی اسمبلی میں بغیر دستخط والی رپورٹ لہرائی ہے جب کہ ایک واقعے کی صرف ایک جے آئی ٹی رپورٹ ہی ہوتی ہے۔
مراد علی شاہ نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ علی زیدی بتادیتے کہ موٹر سائیکل پر آنے والے کسی شخص نے انہیں رپورٹ دی تو شاید میڈیا بھی جے آئی ٹی شائع نہ کرتا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو ضیاء الحق، مشرف نے ختم کرنے کی کوشش کی لیکن جب وہ اسے ختم نہ کرسکے تو یہ لوگ کیا بیچتے ہیں۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔