کراچی کراچی ایڈمن سوسائٹی میں زیرِ تعمیر عمارت گرنے کا سانحہ، جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی

کراچی: شہر قائد کے علاقے ایڈمن سوسائٹی میں گرنے والی بلڈنگ کے ملبے سے ایک اور لاش نکال لی گئی۔
کراچی ایڈمن سوسائٹی میں عمارت گرنے کے واقعے میں نکالی گئی لاش کی شناخت 40 سالہ نجیب اللہ کے نام سے ہوئی، جس کے بعد واقعے میں اموات کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جائے حادثہ پر ریسکیو آپریشن جاری ہے اور لاشوں کے ملبے تلے دبے ہونے کے خدشے کے پیش نظر مشینری کے استعمال میں احتیاط برتی جارہی ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں 14 افراد زخمی ہوئے ہیں اور 13 تاحال لاپتا ہیں۔
دوسری جانب چیئرمین آباد حنیف گوہر کا کہنا ہے کہ کراچی ایڈمنسٹریٹو سوسائٹی میں ناخوش گوار واقعہ پیش آیا، غیر قانونی تعمیرات پر آباد نے ہمیشہ آواز اٹھائی ہے مگر توجہ نہیں دی گئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مُراد علی شاہ نے تمام زیر تعمیر بلڈنگز کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے، جو لوگ قانونی طور پر کام کررہے ہیں ان کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے، ڈپارٹمنٹ کو پتا ہونا چاہیے کہ کون سی بلڈنگ قانونی تقاضے پورے کرکے بنائی جارہی ہیں۔
حنیف گوہر کا کہنا تھا کہ اگر پیر تک قانونی تعمیرات جو سیل ہوئی ہیں، وہ ڈی سیل نہ کی گئیں تو کاروبار بند کرکے سڑکوں پر آجائیں گے۔
https://urdu.voiceofsindh.com.pk/under-construction-building-collapse-tragedy-in-karachi-admin-society-death-toll-rises-to-7/






