گلگت بلتستان سے کورونا کا ایک اور کیس، متاثرین کی تعداد 20 ہوگئی
گلگت بلتستان سے کورونا وائرس کا ایک اور کیس سامنے آگیا جس کے بعد ملک میں متاثرین کی مجموعی تعداد 20 ہوگئی۔ گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراق نے علاقے میں کورونا وائرس کے ایک اورکیس کی تصدیق کی۔ انہوں نے بتایا کہ اسکردو سے تعلق رکھنے والے 14 سالہ لڑکے میں وائرس کی تصدیق ہوئی، متاثرہ مریض سٹی اسپتال اسکردو کے آئسولیشن وارڈ میں زیرعلاج ہے جب کہ مزید 8 مشتبہ کیسز کے نمونے تصدیق کے لیے اسلام آباد بھیجے گئے ہیں،
گلگت بلتستان میں کورونا متاثرین کی تعداد 2 ہوگئی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ صوبے میں 130 آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں اور اسکردو اسپتال میں 7 کمرے کورونا کے لیے مختص ہیں۔ پاکستان میں اب تک سندھ سے 15، اسلام آباد اور گلگت بلتستان سے 2،2 جب کہ کوئٹہ سے ایک کیسز سامنے آچکا۔ یوں ملک میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز 20 ہوگئے ہیں۔