کورونا وبا: کراچی سمیت سندھ میں ایک دن میں ریکارڈ کیسز رپورٹ
کراچی: سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 1080 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جو صوبے میں وائرس کے آغاز سے لے کر اب تک ایک روز میں کیسز کی سب سے زیادہ تعداد ہے جب کہ نصف سے زائد کیسز کراچی سے سامنے آئے۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا کی صورت حال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 5498 ٹیسٹ کیے گئے جس کے بعد ٹیسٹوں کی تعداد 87108 ہوگئی ہے جب کہ 24 گھنٹوں میں کیے گئے ٹیسٹوں میں 1080 نئے کیسز سامنے آئے۔
سندھ میں نئے کیسز کے بعد کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 10 ہزار 771 تک جا پہنچی ہے جب کہ ہلاکتیں 180 ہوگئی ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 80 افراد صحت یاب ہوئےجس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 2020 ہوگئی ہے۔
مراد علی شاہ نے مزید بتایا کہ ہم نے کراچی میں مختلف دکانوں اور سبزی فروشوں کے پاس عوام کے ٹیسٹ کیے ہیں ان میں کچھ دکاندار اور وہاں پر موجود گاہک مثبت آئے ہیں اور 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے 1080 کیسز میں سے 583 کا تعلق کراچی سے ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق کراچی کے ضلع وسطی سے 78، کورنگی 61،غربی 55 ، جنوبی 143، ملیر 133 اور ضلع شرقی سے 113 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
مراد علی شاہ نے بتایا کہ سندھ کے دیگر علاقوں میں میرپور خاص سے 4، جامشورو اور قمبر شہدادکوٹ میں 3-3 ، ٹنڈوالہیار 2 ، کشمور کندھ کوٹ 8، شہید بینظیرآباد 7، مٹیاری 5، سکھر 34، حیدرآباد 19، گھوٹکی اور لاڑکانہ 17-17 جب کہ خیرپور کے پیر جو گوٹھ میں 246 کیسز مثبت آئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ آج میں سندھ کی صورت حال دیکھ کر شدید پریشان ہوں، آپ حکومت کا ساتھ نہیں دیں گے تو صورت حال بدسے بدتر ہوجائے گی، آپ کی زندگی آپ کے ہاتھ میں ہے، ایسی صورت حال میں عوام اپنی زندگی کے بچاؤ کے لیے خود بھی فیصلہ کریں کیونکہ یہ انتہائی تشویش کی بات ہے اور اب عوام کو سمجھنا ہوگا کہ صورت حال کیا بن رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ والی ایس او پیز پر عمل کرنا ہوگا، ہم لاک ڈاؤن کے فیز ٹو میں داخل ہوگئے ہیں اور ہمیں مزید احتیاط کی ضرورت ہے، صوبے میں کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، اللہ پاک ہم پر رحم کرے لیکن ہمیں خود پر بھی رحم کرنا ہوگا۔