کورونا وبا، موبائل ڈیوائس بلاکنگ کی آخری تاریخ میں پھر توسیع
کراچی: پی ٹی اے نے کورونا وبا کے پیش نظرموبائل ڈیوائس بلاکنگ کی آخری تاریخ میں مزید توسیع کردی ہے۔
پی ٹی اے کے اعلامیہ کے مطابق کووڈ-19 کے تناظر میں موبائل نیٹ ورکس پرموجود تمام جی ایس ایم اے منظورشدہ آئی ایم ای آئی جو ابھی تک پی ٹی اے کے ساتھ رجسٹرڈ نہیں، ایسے آئی ایم ای آئی کی رجسٹریشن کے لیے پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی جانب سے مزید 3 جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔ یہ توسیع موجودہ صورت حال میں عوام کو آسانی اور سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کے لیے کی گئی ہے۔ غیر منظور شدہ موبائل ڈیوائسز کی بلاکنگ اب 4 جولائی 2020 سے کی جائے گی اور ایس ایم ایس کے ذریعے اس کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا۔
قواعد کے مطابق ایسی تمام موبائل ڈیوائسز جن کو لوکل سم کے ذریعے کسی بھی مقامی موبائل فون نیٹ ورک سے منسلک کیا جاتا ہے انہیں پہلی بار مقامی نیٹ ورک استعمال کرنے کے 60 یوم کے اندرر جسٹرکروانا ضروری ہے لیکن غیر معمولی حالات کے پیش نظر، ایسی غیر تصدیق شدہ موبائل ڈیوائسز کی بلاکنگ جنہیں 18 مارچ سے 3 جولائی 2020 کے درمیان بلاک ہونا تھا، اب انہیں 4 جولائی 2020 سے بلاک کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی ٹی اے نے ڈیوائس آئیڈینٹیفکیشن رجسٹریشن بلاکنگ سسٹم (ڈی آئی آر بی ایس) متعارف کرایا تھا جس کے تحت صارفین اپنا موبائل رجسٹر کراسکتے ہیں۔