پیپلزپارٹی نے سندھ میں کیا کیا، بلاول کی سیاست بیانات تک محدود ہے، مُراد سعید
اسلام آباد: مراد سعید کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی خود کچھ کرتی ہے نہ دوسروں کو کرنے دیتی ہے۔
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے مواصلات کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کو خیبرپختونخوا دورے کی دعوت دیتا ہوں، انہیں دکھاؤں گا خیبرپختونخوا میں 7 برسوں میں کیا کیا، پی پی چیئرمین ہمیں بھی سندھ میں دکھائیں انہوں نے اب تک کیا کیا؟،
بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی سیاست صرف بیانات تک محدود ہے، احساس پروگرام پر بھی بلاول سیاست کرتے ہیں، بلاول نے خود کچھ نہیں کرنا، اگر دوسرے کچھ کرتے ہیں تو سیاست کرتے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ غربت کے لحاظ سے فنڈز مختص ہونے سے سندھ کا 10 فیصد حصہ بڑھا۔ عمران خان پورے ملک کے وزیراعظم ہیں۔ بلاول جس حلقے سے منتخب ہوئے وہ ابھی بھی پس ماندہ ہے۔
وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے لاڑکانہ میں احساس سینٹر پروگرام کا دورہ کیا۔ وہ کورونا سے متاثرہ افراد کے لیے ہر جگہ پہنچیں گے۔ کہا گیا وزیراعظم کا دورہ سندھ سیاسی تھا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے سندھ کےعوام کے زخموں پر مرہم نہیں رکھا۔ احساس کیش پروگرام کے تحت لاکھوں لوگوں کو امداد مل چکی۔ غریب اور مزدور طبقے کی بحالی وزیراعظم کی اہم ترجیح ہے۔ پیپلزپارٹی خود کچھ کرتی ہے نہ دوسروں کو کرنے دیتی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ملک سے غربت کا خاتمہ وزیراعظم کا مشن ہے، گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی مستحقین تک امداد پہنچائی، شہریوں کے مسائل حل کرنے پر آپ سیاست شروع کردیتےہیں، کراچی میں وفاقی نمائندے اپنی مدد آپ کے تحت امداد کررہے ہیں۔