عوام کو ریلیف دیا جائے، ٹیکس جمع نہ ہونے کی ذمے دار حکومت ہے، شہباز شریف
لاہور: میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت عوام سے وسائل لینے کے بجائے انہیں وسائل اور ریلیف دینے کی پالیسی اپنائے۔
قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے ملک میں بڑے پیمانے پر پبلک ورکس پروگرام شروع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ملک بھر میں سرکاری ترقیاتی پروگرام کے تحت تعمیرات کا آغاز کیا جائے، تاکہ لوگوں کو روزگار مل سکے، حکومت نے پھر غلط فیصلہ کیا، ’پی۔ ایس۔ ڈی۔ پی‘ میں اضافے کے بجائے گزشتہ برس سے بھی کم بجٹ رکھا ہے، ملک میں نئے منصوبے شروع کرکے معاشی سرگرمیاں بڑھاسکتے ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ ٹیکس جمع نہ ہونے کی ذمے دار خود حکومت ہے، یہ اس کا اپنا پیدا کردہ مسئلہ ہے، مسلم لیگ (ن) نے ٹیکس وصولی سالانہ 14.5 فیصد کی مجموعی شرح پر رکھی تھی، پی ٹی آئی ہماری بنائی ہوئی پالیسی پر چلتی تو اس سال 5000 ارب ٹیکس جمع ہوتا، ضد کے بجائے دانائی، دانش مندی، کھلے ذہن اور دل سے سوچا جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 5.8 فیصد اور منفی شرح ترقی کے حالات میں زمین آسمان کا فرق ہے، برے حالات میں عوام کو ریلیف اور رعایت پر مبنی بجٹ دیں، طلب بڑھانے سے ہی معیشت چل سکتی ہے، سی پیک منصوبوں کے لیے وسائل اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف ہیں۔