عظیم اداکار معین اختر کی نویں برسی

کراچی: عظیم اور بے نظیر اداکار معین اختر کی آج 9ویں برسی منائی جارہی ہے۔
معین اختر 24 دسمبر 1950ء کو کراچی میں پیدا ہوئے، فنی کیریئر کی باقاعدہ شروعات پاکستان کے پہلے یوم دفاع پر 1966ء میں کی۔
معین اختر کو فن کی اکیڈمی کہا جاتا تھا کیونکہ فلم ہو یا ٹی وی یا پھراسٹیج ڈرامہ انہوں نے ہر شعبے میں اپنی خداداد صلاحیتوں کا لوہا منوایا، معین اختر نے طنز ومزاح سے بھرپور جملوں کے ذریعے تہذیب کا ایک نیا پہلو متعارف کروایا۔
ساتھی اداکاروں کے مطابق معین اختر محض اداکار ہی نہیں بلکہ ایک دور کا نام تھا جنہوں نے فنون لطیفہ کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کی دھاک بٹھائی، فنکارانہ خدمات کے اعتراف میں معین اختر کو صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی اور ستارہؑ امتیاز سے بھی نوازا گیا، معین اختر کے معروف ٹی وی ڈراموں میں روزی، انتظار فرمائیے، بندر روڈ سے کیماڑی، آنگن ٹیڑھا، اسٹوڈیو ڈھائی، اسٹوڈیو پونے تین، یس سر نو سر اورعید ٹرین شامل ہیں، ڈرامہ روزی میں ان کا کردارشاید کبھی فراموش نہ کیا جاسکے۔
معین اختر کے کئی مشہور اسٹیج ڈرامے آج بھی لوگوں کے ذہنوں پر نقش ہیں، ایک نجی چینل کے لیے ان کے طنز ومزاح سے بھرپور ٹی وی شوز کی، چارسو اقساط کا نشر ہونا بھی ایک منفرد ریکارڈ ہے۔ 22 اپریل 2011 کو حرکت قلب بند ہونے سے آپ کا انتقال ہوا۔

جواب شامل کریں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔