طیارہ حادثہ، تدفین کے لیے 10 لاکھ لواحقین کو پہنچائے جارہے ہیں، ترجمان قومی ایئرلائن
کراچی: قومی ایئرلائن کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کا عملہ اور رضاکار لواحقین کی خدمت کے لیے 24 گھنٹے ایمرجنسی رسپانس سینٹر میں مصروف عمل ہیں۔
ترجمان پی آئی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق متاثرہ خاندانوں سے پی آئی اے انتظامیہ مسلسل رابطے میں ہے، عملہ اور رضاکار لواحقین کی خدمت کے لیے 24 گھنٹے ایمرجنسی رسپانس سینٹر میں مصروف عمل ہیں، 56 لاشیں ایدھی اور چھیپا کے سردخانوں میں موجود ہیں، طیارہ حادثے کے 41 افراد کی لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں۔
قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے لواحقین کو کراچی کی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک ٹکٹیں جاری کیں، اب تک 4 میتیں لاہور اور 3 اسلام آباد پہنچائی جاچکی ہیں، میتوں کو وزیراعظم کی خصوصی ہدایات پر ان کے گھروں تک پہنچایا جارہا ہے، 32 لواحقین اور حادثے میں بے گھر 13 افراد کو ایئرپورٹ ہوٹل اور قصرِ ناز میں ٹھہرایا جارہا ہے، تدفین کے لیے فوری طور پر10 لاکھ روپے فی کس لواحقین کو گھروں تک پہنچائے جارہے ہیں جب کہ متاثرہ گھروں اوراملاک کو ہونے والے نقصان کا تخمینہ لگانے کے لیے سروے کا کام جاری ہے۔