سندھ کے سرکاری ملازمین کو محدود تعداد میں دفاتر بلایا جائے گا
کراچی: حکومت ِ سندھ نے سرکاری ملازمین کے لیے نئی ایس او پیز کا اجرا کردیا۔ نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی حکومت نے سرکاری دفاتر میں کام کرنے والے ملازمین کے لیے نئی ایس او پیز جاری کردی ہیں جس کے تحت فیصلہ کیا گیا ہے کہ سرکاری دفاتر میں رش کم کرنے کے لیے ملازمین کو محدود تعداد میں بلایا جائے گا۔
چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ملازمین کو 15 روزہ روٹیشن میں بلایا جائے گا، ملازمین 15 دن گھروں سے کام کریں گے اور 15 روز دفاتر میں آنا ہوگا جب کہ دائمی مرض میں مبتلا ملازمین گھروں میں رہ کر فرائض انجام دیں گے اور افسران کو آئیسولیشن کی چھٹی لینے کے لیے کورونا ٹیسٹ کی مثبت کی رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سرکاری دفاتر میں تمام ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی ہوگا، ملازمین کو سماجی فاصلہ برقرار رکھنا ہوگا، سندھ سیکریٹریٹ آنے والے وزیٹرز کو مرکزی گیٹ پر روکا جائے گا، سیکریٹریٹ آنے کی ٹھوس وجوہ پر صرف متعلقہ دفتر تک جانے کی اجازت حاصل ہوگی۔