سندھ میں 253 بچے کورونا زدہ
کراچی: سندھ حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے بتایا ہے کہ سندھ میں 10 ماہ کی بچی سمیت 253 بچے کورونا وائرس سے متاثر ہوگئے ہیں۔
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردہ اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ اب تک سندھ میں 253 ایسے بچے ہیں جن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔انہوں نے کہا ایک نیا رجحان جس کا دیر میں آغاز ہوا ہے وہ خواتین میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ ہے اور مجھے یہ بتاتے ہوئے دکھ ہوتا ہے کہ اب خواتین میں اس مرض کی تشخیص زیادہ ہورہی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت کے مطابق گزشتہ دنوں کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو خواتین کی شرح میں اضافہ ہوا ہے اور مجموعی تعداد میں 26 فیصد خواتین ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں اور خواتین سے متعلق تفصیلات شیئر کرنے کا مطلب یہ ہے کہ یہ مرض میرے اور آپ کے گھر میں آگیا ہے کیونکہ ہم احتیاط نہیں کر رہے اس کی وجہ سے ہمارے گھر والے، بچے، مائیں، بہن، بیٹیاں متاثر ہورہی ہیں۔آخر میں ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کا ساتھ دیں اور کورونا وائرس کی وبا سے بچنے کےلیے ایک دوسرے کی مدد کریں۔