سندھ میں کورونا مریض 7100 سے متجاوز ہوگئے، مراد علی شاہ
کراچی: سندھ کے وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اب تک 61020 ٹیسٹ ہوئے ہیں اور مریضوں کی تعداد 7102 ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 3259 ٹیسٹ کیے تھے، صوبے میں 427 میں سے کراچی میں 376 کیسز آئے ہیں، اب تک 61020 ٹیسٹ ہوئے اور مریضوں کی تعداد 7102 ہے۔ آج 46 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے، صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 19 فیصد کے ساتھ 1341 ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کورونا کے باعث 4 مریض انتقال کرگئے، کورونا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 122 ہوگئی، اس وقت 5639 مریض زیرعلاج ہیں، 4390 مریض اپنے گھروں، 733 کورونا سینٹرز اور516 مریض اسپتالوں میں زیر علاج ہیں، 54 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، ان میں 18 وینٹی لیٹرز پر ہیں۔