سندھ حکومت نااہل، وزیراعلیٰ سندھ کارڈ کھیلنا چھوڑ دیں، پی ٹی آئی رہنما
کراچی: فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے کل تضحیک آمیز لہجے میں پریس کانفرنس کی، ہم تو کہتے ہیں سندھ حکومت نااہل ہے، کسی قابل نہیں۔
پی ٹی آئی رہنما فردوس شمیم نقوی نے کہا کہ گرین لائن منصوبہ سرجانی سے گرومندر تک تھا، سندھ حکومت کی سفارش پر گرین لائن منصوبے میں توسیع دی گئی، منگھوپیر اور جام چھاکرو روڈ پر کام اس سال ہوگا، موٹروے ایم 9 پر ایک فلائی اوور بن رہا ہے، گرین لائن ایس آئی ڈی سی ایل کا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔
حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا سندھ میں 600 سے زائد وینٹی لیٹر موجود ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے وینٹی لیٹرز کے حوالے سے غلط بیانی کی، صوبائی حکومت وینٹی لیٹرز نجی ہسپتالوں کو ٹھیکے پر دے رہی ہے، تھر کے باسی آج صاف پانی، صحت کی سہولتوں کو ترس رہے ہیں، سندھ کارڈ کھیل کر آپ اپنے گناہوں کے پیچھے نہیں چھپ سکتے، سندھ کارڈ کے پیچھے کرپشن کے گناہ چھپانےنہیں دیں گے، وزیراعلیٰ صاحب! سندھ کارڈ کھیلنا چھوڑ دیں، قومی اقتصادی کونسل میں سندھ کے سوا کسی نے اعتراض نہیں کیا۔